لکھنؤ ، 8؍نومبر (ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا )نوٹ بندی کے ایک سال مکمل ہونے پر ایک طرف سماج وادی پارٹی اس کی مخالفت کر رہی ہے، وہیں پارٹی سرپرست ملائم سنگھ یادو کی چھوٹی بہو اپرنایادو نے ٹویٹ کر کہا ہے کہ اب اس اقدام کے فوائد اورنقصان پر فیصلہ سنانا جلدبازی ہوگی۔سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر 2017کے اسمبلی انتخابات لڑنے والی اپرنا نے ٹویٹ کیا ہے کہ ہمیں اب بھی اس اقدام کے صحیح نتائج کا پتہ لگانا ہے۔یہ درست ہے یا غلط، یہ پتہ لگانے کے لئے یہ وقت بہت کم ہے۔سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ کی چھوٹی بہو اپرنا یادو کے اس ٹویٹ پر جواب جاننے کے لیے جب ایس پی ترجمان اور ممبراسمبلی رکن سنیل سنگھ ساجن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ ایس پی کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے کہ کس نے کیا ٹویٹ کیاہے۔ پارٹی ہمیشہ نوٹ بندی کومرکز کی بی جے پی حکومت کا غلط فیصلہ مانتی تھی اور آج بھی مانتی ہے۔پارٹی صدر اکھلیش یادو کا واضح خیال ہے کہ نوٹ بندی سے عام آدمی، مزدور، کسان، چھوٹے تاجروں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ عوام کے مفادات کے خلاف تھا۔غور طلب ہے کہ اپرنا یادو سماجوادی پارٹی سرپرست ملائم سنگھ یادو کے دوسرے بیٹے پرتیک یادو کی بیوی ہے۔2017کے اسمبلی انتخابات میں لکھنؤ کینٹ سیٹ سے الیکشن لڑا تھا، لیکن وہ ہار گئی تھیں۔